صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی مزار قائد پر حاضری،مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

363
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی مزار قائد پر حاضری،مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

کراچی۔25دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اتوار کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور ان کی 146ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا،مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ صدر مملکت نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔بعد ازاں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کیلئے قائد کے وژن کی ہمیشہ قدر کرنے اور اسے برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ قومیں متحد ہو کر ہمیشہ بڑے وژن کے نتیجے میں ترقی کاسفر طے کرتی ہیں ، ہمیں پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے بابائے قوم کےسنہری اصولوں کو اپنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد کا قیام قائداعظم کی سیاسی جدوجہد کا نتیجہ ہے، متعصب ہندووں کی جانب سے بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے ساتھ جاری ناروا برتاؤ کو قائداعظم نے بہت پہلے ہی بھانپ لیا تھا ۔

انہوں نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قائد کے بتائے ہوئے اصولوں پر قوم کی تعمیر ہماری اصل منزل ہے، قوم کو ملک کی ترقی کے لیے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے پاکستان کا خواب دیکھا اور قائداعظم نے اس کے حقیقی وجود کے لیے جدوجہد کی اور علامہ اقبال کا خواب پورا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کی ترقی کے لیے قائد کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے قوم کو قائد کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اصل منزل قائد کے ویژن کے مطابق قوم کی ترقی ہے۔