وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد دھماکے میں جاں بحق ٹیکسی ڈرائیور کیلئے مالی پیکج کی منظوری دے دی

وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہباز شہبازشریف نے آئی ٹین-فوراسلام آباد دھماکے میں جاں بحق ٹیکسی ڈرائیور کے لئے مالی پیکج کی منظوری دے دی ہے،وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحقیقات کی روشنی میں ڈرائیور کے لئے پیکج کی منظوری دی ۔

اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ڈرائیور سید سجاد حیدر شاہ کے اہل خانہ کے لئے ایک کروڑ روپے کے مالی پیکج کی منظوری دی ہے ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر مالی پیکج کا چیک سید سجاد حیدر شاہ کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ۔ تحقیقات میں بتایاگیا تھا کہ سید سجادحیدر شاہ کا دہشت گردوں یا اُن کے منصوبے سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا ۔

سید سجاد حیدر شاہ کی ٹیکسی میں 23 دسمبر کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین-فور میں دھماکہ ہوا تھا ۔سید سجاد حیدر کا بنیادی طورپر تعلق رہانہ ، ضلع چکوال سے تھا اور وہ راولپنڈی میں مسلم آباد ، ڈھوک سیداں میں رہائش پذیر تھا۔سید سجاد حیدرشاہ کے پسماندگان میں اہلیہ اور چار بچے ہیں،سید سجاد حیدر شاہ کے اہل خانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔