وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کیش لیس اکانومی کے ایجنڈے کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ ہوا ہے
پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کیش لیس اکانومی کے ایجنڈے کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ڈیجیٹل لین دین کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جس سے جون 2026 تک کے لیے طے کردہ ہدف حاصل کر لیا ہے جبکہ اس تعداد میں مزید اضافہ کے ہدف کو بھی حکومت پورا کرے گی۔
انہوں نے یہ بات عالمی تنظیم گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلی سطح کے وفد سے گفتگو میں کہی،وفدکی قیادت فاؤنڈیشن کے صنفی مساوات ڈویژن کی صدر ڈاکٹر انیتا زیدی نے کی۔ وفد میں گلوبل پالیسی اینڈ ایڈووکیسی ڈویژن کی قائم مقام صدر ڈاکٹر کلپنا کوچہر اور دیگر اعلی عہدیدار شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی، معاشی اصلاحات کے ایجنڈے اور کیش لیس اکانومی پر پیش رفت جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہاکہ راست کیو آر کے فروغ کے لیے حکومت کی ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کا استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ڈاکومینٹیشن، مالیاتی نظام میں زیادہ سے زیادہ عوام کو شامل کرنے اور سرکاری ادائیگیوں کی شفافیت میں اضافے کے ساتھ کارکردگی بڑھانے کے لیے حکومتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔وفد نے حکومتی اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے کیش لیس پاکستان اور وسیع تر معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت جاری رکھنے اور کرانداز کے ذریعے تعاون مزید بڑھانے کا یقین دلایا۔








