سیالکوٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات سپلائی میں مبینہ طور پر ملوث سابق ریکارڈ یافتہ ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے مجموعی طور پر 5 کلو 820 گرام منشیات برآمد کرلی۔
سیالکوٹ پولیس کی کارروائی، منشیات فروش گرفتار

مزید خبریں
سیالکوٹ۔10ستمبر (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات سپلائی میں مبینہ طور پر ملوث سابق ریکارڈ یافتہ ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے مجموعی طور پر 5 کلو 820 گرام منشیات برآمد کرلی۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی خصوصی ہدایات پر تھانہ حاجی پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے محمد عمران ولد عبدالمجید کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضہ سے 5 کلو 400 گرام چرس، 300 گرام آئس اور 120 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ابتدائی تفتیش میں ملزم نے پشاور سے منشیات منگوا کر مبینہ طور پر آن لائن رابطوں کے ذریعے آرڈرز وصول کرنے اور ڈلیوری بوائز کے ذریعے سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اینٹی نارکوٹکس فورس کو بھی مطلوب جبکہ سابق ریکارڈ یافتہ ہے۔ملزم کی گرفتاری سے بین الصوبائی منشیات سپلائی نیٹ ورک کے دیگر مبینہ ملزمان، سپلائرز اور ڈلیوری نیٹ ورک تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ حاجی پورہ میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کہا ہے کہ سیالکوٹ پولیس منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی اور نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔







