اسلام آباد ۔ 12 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تاریخی دستاویزات کو محفوظ کرنے کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، ایوان صدر میں تاریخی دستاویزات و تصاویر کی نمائش کا مقصد عوام کو اپنی تاریخ سے روشناس کرانا ہے تاکہ محققین، طلباءاور عوام اس سے مستفید ہو سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نیشنل آرکائیوز کے زیر اہتمام ایوان صدر میں تاریخی دستاویزات و تصاویر کی نمائش کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 12 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تاریخی دستاویزات کو محفوظ کرنے کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، ایوان صدر میں تاریخی دستاویزات و تصاویر کی نمائش کا مقصد عوام کو اپنی تاریخ سے روشناس کرانا ہے تاکہ محققین، طلباءاور عوام اس سے مستفید ہو سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل آرکائیوز کے زیر اہتمام ایوان صدر میں تاریخی دستاویزات و تصاویر کی نمائش کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نمائش میں پاکستان کی تاریخ اور ورثہ کے حوالہ سے دلکش اور قیمتی تصاویر و دستاویزات رکھی گئی ہیں جن میں تقسیم برصغیر، تاریخ پاکستان، مسلمانوں کی ہجرت، بانی پاکستان کی جدوجہد سمیت تحریک آزادی کے مختلف پہلوﺅں کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا، گرانقدر دستاویزات اور تاریخی اخبارات بھی عوام الناس کی توجہ کا مرکز رہے۔ مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے نمائش کا دورہ کیا اور تاریخی دستاویزات و تصاویر میں اپنی گہری دلچسپی ظاہر کی۔ خواتین، بزرگ شہریوں، طلباءو طالبات سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے تاریخی تصاویر اور دستاویزات کا بغور مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ایوان صدر کے دروازے ایک بار پھر عوام الناس کیلئے کھولنے اور اس قسم کی اہم نمائش کے انعقاد پر صدر مملکت اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کے اعلیٰ ترین ایوان میں تاریخی دستاویزات و تصاویر کی ایسی نمائش قابل تحسین ہے، اس سے نہ صرف عوام کو نادر تصاویر اور دستاویزات کے براہ راست مشاہدے بلکہ ایوان صدر کو دیکھنے کا موقع بھی میسر آیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے نمائش دیکھنے کیلئے آنے والے لوگوں سے ملاقات بھی کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ نمائش کے دوران ایوان صدر عوام کےلئے کھلا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشل آرکائیوز کے پاس تاریخی دستاویزات کا ایک بیش بہا خزانہ ہے، میری خواہش تھی کہ اس خزانہ تک عوام کو رسائی حاصل ہو۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد عوام کو اپنی تاریخ سے روشناس کرانا ہے تاکہ محققین، طلباءاور عوام اس سے مستفید ہو سکیں۔ یہ نمائش (آج) ہفتہ کو بھی جاری رہے گی۔ صبح 9 سے دوپہر 12 بجے اور سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک ایوان صدر اس سلسلہ میں عوام الناس کیلئے کھلا رہے گا تاہم موبائل فون اور بیگ ایوان صدر میں لانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ کوریج کیلئے آنے والے صحافی اور کیمرہ مین اپنا میڈیا کارڈ اور شناختی کارڈ ہمراہ لائیں۔ دریں اثناءصوابی سے تعلق رکھنے والے عذیر نے نمائش کے حوالہ سے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے ہم نے یہ چیزیں کتابوں میں پڑھی تھیں لیکن آج ان تصویروں کو دیکھ کر ماضی کی یاد تازہ ہو گئی ہے، جب قائداعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے الگ وطن کے حصول کیلئے جدوجہد کی، اس نمائش کے انعقاد پر صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے حسنین نے کہا کہ ان تصویروں سے ہمیں پتہ چلا ہے کہ قیام پاکستان کیلئے مسلمانوں نے کتنی بڑی قربانیاں دیں اور کس طرح مسلمان رہنماﺅں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں علیحدہ وطن کیلئے جدوجہد کی۔ اس طرح کی نمائش سے طالب علموں کو اپنی تاریخ سے روشناس ہونے کا موقع ملتا ہے۔ جہلم سے تعلق رکھنے والے اسامہ نے کہا کہ عام شہریوں کیلئے ایوان صدر کو کھولنا اور یہاں نمائش کا انعقاد حکومت کا احسن اقدام ہے، امید ہے کہ حکومت یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھے گی۔ انہوں نے نمائش دیکھنے کیلئے آنے والے شہریوں کی سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات کو بھی سراہا۔








