صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی چین کی پیپلز پولیٹیکل کنسلٹیٹیو کانفرنس کے وائس چیئرمین گاﺅ ژن لونگ سے بات چیت

81
APP06-15 ISLAMABAD: February 15 - President Dr. Arif Alvi talking to Vice Chairman of 13th National Committee of the Chinese People’s Political Consultative Conference Gao Yuniong who called on him. APP

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ہمیشہ سے تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار رہے ہیں، چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا لازمی جزو ہے۔ وہ چین کی پیپلز پولیٹیکل کنسلٹیٹیو کانفرنس کے وائس چیئرمین گاﺅ ژن لونگ سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز اور پاکستان میں چین کے سفیر ژاﺅ جن بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سی پیک کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اس کی جلد تکمیل کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں ہم یا ہماری توجہ سماجی و اقتصادی ترقی، زرعی تعاون، صنعتی استعداد کار، کاروبار و تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے شعبوں پر مرکوز ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چند خصوصی اقتصادی زونز کا اسی سال افتتاح کر دیا جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ قیادت کی سطح پر دوطرفہ دورے دونوں ممالک کے درمیان روائتی دوستی اور پرجوش تعلقات کی علامت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا گزشتہ سال دورہ چین انتہائی کامیاب رہا جس سے ہمارے مضبوط برادرانہ تعلقات اور مفاہمت کو تقویت ملی۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے بڑے تجارتی خسارے پر قابو پانے کی خواہش خوش آئند پیشرفت ہے۔ مزید چینی سرمایہ کاروں و تاجروں کے وفود کی پاکستان کے دورہ کے لئے حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ چینی مارکیٹس کے لئے پاکستانی مصنوعات کا جائزہ لے سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو مزید بڑھانے کے لئے کوششیں کی جانی چاہئیں کیونکہ مختلف اداروں، اکیڈیمیا اور تھنک ٹینکس کے مابین روابط میں اضافہ سے باہمی اعتماد اور مفاہمت کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبہ میں تعاون کو بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس سلسلے میں نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔