صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سکیورٹی پالیسی سے گفتگو

119
APP09-25 ISLAMABAD: March 25 - President Dr. Arif Alvi talking to European Union’s High Representative for Foreign Affairs and Security Policy, Ms. Federica Mogherini who called on him. Federal Minster for Foreign Affairs Makhdoom Shah Mahmood Qureshi is also present on the occasion. APP

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں سہولت کیلئے حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں کاروباری ماحول میں بہتری آئی ہے، یورپی یونین برادری آگے بڑھتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرے، حکومت سرمایہ کاروں کو بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سکیورٹی پالیسی فیڈریکا مغیرینی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے انسانی حقوق کی یورپی عدالت کے حالیہ فیصلہ کا خیرمقدم کیا جس سے آزادی اظہار رائے کے حق کے استعمال اور مذہبی خیالات و عقیدے کے حوالہ سے جذبات ابھارنے/منافرت کے درمیان توازن پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آزادی اظہار رائے کے ذمہ دارانہ استعمال پر یقین رکھتا ہے۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے خواہ اس کا ارتکاب افراد، گروہوں یا ریاستوں کی طرف سے کیا جائے۔ انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے لاحق خطرہ کو صرف عملی اقدام سے ختم نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس عالمی لعنت سے نبرد آزما ہونے کیلئے اجتماعی ردعمل درکار ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو پاکستان کا روایتی اتحادی اور بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک۔ای یو تعلقات تعاون کے تمام شعبوں میں مثبت سمت میں گامزن ہیں۔ صدر نے کہا کہ 2014ءمیں جی ایس پلس سکیم کے بعد یورپی یونین کیلئے پاکستان کی برآمدات میں 38 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جبکہ یورپی یونین کی پاکستان کیلئے برآمدات 33 فیصد بڑھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس سکیم کو اپنی معیشت کی بہتری کیلئے تعمیری رابطہ سمجھتا ہے اور یورپی یونین کی پاکستان کیلئے ترقیاتی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) کی پیروی کا اعلان کر رکھا ہے اور گروپ میں شرکت کیلئے باضابطہ درخواست بھی دی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شمولیت جوہری عدم پھیلاﺅ نظام کے ٹھوس فوائد کی حامل ہو گی۔ انہوں نے این ایس جی پر زور دیا کہ وہ غیر امتیازی اور معروضی معیارات کی بنیاد پر نان این پی ٹی ریاستوں کی رکنیت پر غور کرے جو ان سب پر یکساں طور پر لاگو ہوتے ہیں۔ یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ و سکیورٹی پالیسی نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی بہت زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے جس سے بھرپور استفادہ کی ضرورت ہے۔