صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم پاکستان پریڈ کے منتظمین میں ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک طاقتور ملک ہے تاہم ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، پاکستان کی فوج دنیا کی مضبوط ترین، تجربہ کار اور منظم فوج ہے، ملک کا ہر جوان اور سپاہی ملکی دفاع کے جذبہ سے سرشار ہے، مادر وطن کے دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، دفاع، …

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک طاقتور ملک ہے تاہم ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، پاکستان کی فوج دنیا کی مضبوط ترین، تجربہ کار اور منظم فوج ہے، ملک کا ہر جوان اور سپاہی ملکی دفاع کے جذبہ سے سرشار ہے، مادر وطن کے دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، دفاع، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی یکجہتی کی عکاس یوم پاکستان پریڈ نے جذبہ حب الوطنی مزید اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں یوم پاکستان پریڈ کے منتظمین میں ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ یوم پاکستان پریڈ دنیا کو پیغام دیتی ہے کہ بلاشبہ پاکستان ایک طاقتور قوم ہے اور مادر وطن کے دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، پاکستان کا ہر جوان اور سپاہی ملکی دفاع کے جذبہ سے سرشار ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی پرچم سربلند رکھا، پاکستانی قوم بالخصوص مسلح افواج نے دہشت گردی سے مقابلہ کے حوالے سے دنیا کیلئے ایک منفرد مثال قائم کی۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی مضبوط ترین، تجربہ کار اور منظم فوج ہے۔ صدر مملکت نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد پاکستان پر غلط الزام لگایا گیا تاہم پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ ہم نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ جارحیت نہ کی جائے، اگر کوئی غلط اقدام اٹھایا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے اور جب بھارت نے ہماری فضائی سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو ہم نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحد کی دوسری جانب جنگ کی آوازیں اٹھتی رہیں جبکہ ہم نے دنیا کو امن کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے لئے یہ امر باعث فخر ہے کہ پاکستان طاقت بھی رکھتا ہے اور امن کا خواہاں بھی ہے۔ یہی ہمیشہ ہماری طاقت رہے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم نئے دور سے گذر رہے ہیں، ایماندار اور دیانتدار قیادت موجود ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے خلیفہ راشد حضرت عمر بن خطاب کے زمانہ خلافت کی ایک فتح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علاقہ فتح ہونے کے ساتھ ساتھ مال غنیمت بھی آیا، اگر کسی کو سونے کی اینٹ بھی ملی تو اس نے وہ مال غنیمت میں جمع کرا دی۔ اس موقع پر حضرت عمر کی آنکھوں سے آنسو رواں ہو گئے جس پر ان کے ہمراہ موجود خلیفہ چہارم حضرت علی نے کہا کہ کیا کوئی بری خبر آئی ہے تو آپ نے کہا کہ نہیں یہ خوشی کے آنسو ہیں اور انہیں واقعہ کے بارے میں بتایا جس پر حضرت علی نے کہا کہ یہ ان کی نہیں آپ کی ایمانداری ہے کیونکہ ایمانداری کے اثرات قیادت سے نیچے کی طرف آتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم ان اعلیٰ ہستیوں کی روایات سے سیکھ رہے ہیں، ہماری قیادت اور فوج امین ہیں۔ صدر نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مسلح افواج کی ذمہ داریوں سے متعلق اقوال کا بھی ذکر کیا جس میں انہوں نے فرمایا کہ مجھے یقین ہے کہ جب پاکستان کے دفاع اور قوم کی سلامتی کے لئے آپ کو بلایا جائے گا تو آپ اپنے اسلاف کی روایات کے مطابق شاندار کارناموں کا مظاہرہ کریں گے۔ سبز ہلالی پرچم کو سربلند رکھیں گے اور عظیم قوم کی عزت و وقار کو برقرار رکھیں گے۔ صدر نے کہا کہ مسلح افواج بابائے قوم کے اقوال کی پیروی کرتے ہوئے ہمیشہ قوم کی امنگوں پر پورا اتری ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان پر کامیاب پریڈ کے انعقاد پر پاکستان کی مسلح افواج، نیم فوجی دستوں اور سول انتظامیہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پریڈ دفاعی اور پیشہ ورانہ مہارت کا ولولہ انگیز اور شاندار مظاہرہ تھا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے بالخصوص دوست ممالک سعودی عرب، آذربائیجان، سری لنکا، برونائی، بحرین، ترکی اور چین کی پریڈ میں شمولیت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ کے دوران مختلف فلوٹس نے خوبصورت انداز میں پاکستان کی ثقافت کا اظہار کیا اور یہ قومی یکجہتی کا دلکش مظاہرہ تھا جس سے جذبہ حب الوطنی مزید اجاگر ہوا۔ قبل ازیں صدر مملکت نے یوم پاکستان پریڈ کے منتظمین میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔

مزید خبریں

Leave a Reply