صدر نیشنل پریس کلب  اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی و دیگر کی سپریم کورٹ پریس ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیاب عہدیداران کو مبارکباد

123

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):نیشنل پریس کلب(این پی سی) اسلام آباد کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، فنانس سیکرٹری وقار عباسی اور گورننگ باڈی کے تمام اراکین نے سپریم کورٹ پریس ایسوسی ایشن کے انتخابات 2025 میں کامیاب ہونے والے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعہ کو سپریم کورٹ پریس ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے نومنتخب صدر ذوالقرنین اقبال، سیکرٹری جنرل غلام نبی یوسفزئی، فنانس سیکرٹری ابرار حسین استوری ،نائب صدرعابد آرائیں،سیکرٹری اطلاعات احمد فواد ،ممبران گورننگ باڈی سحرش خان وسیم ملک اور نثار عابد سمیت کامیاب ہونے والےتمام عہدیداروں کے نام اپنے ایک تہنیتی پیغام میں این پی سی کے عہدیداروں نے کہا کہ نومنتخب عہدیداروں کا انتخاب صحافی برادری کا ان پر اعتماد کا مظہر ہے

امید ہے کہ وہ اپنی صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور ا ن کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پریس ایسوسی ایشن سپریم کورٹ نے ہمیشہ ملک بھر کے صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے عملی اور کلیدی کردار ادا کیا ہے اور انشاء اللہ یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔این پی سی کی قیادت نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران اعلیٰ صحافتی اقدار اور آزادی صحافت کے فروغ کیلئےبہتر انداز میں جدوجہد جاری رکھیں گےاور ملک بھر کے صحافیوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مفت قانونی امداد بھی یقینی بنائی جائے گی۔