صدر ٹرمپ کی قومی سلامتی کونسل کو ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی معاہدے کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت

128

واشنگٹن ۔ 19 اپریل (اے پی پی) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کونسل کو ہدایت کی ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی معاہدے کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور اندازہ لگایا جائے کہ ایران کی پابندیاں معطل کرنا قومی سلامتی کے مفادات کے لیے اہم ہے کہ نہیں۔وائس آف امریکا کے مطابق اس بات کا انکشاف وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے ایوان نمائندگان کے سپیکر پال رائن کو لکھے گئے ایک خط میں کیا۔ٹلرسن کا کہنا تھا کہ ایران 2015ءمیں امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، روس اور جرمنی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں اب تک پوری کر رہا ہے تاہم اس کے باجود وہ مختلف جگہوں پر عسکریت پسندی کی حمایت کر تا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا کی طرف سے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کی جاتی ہیں تو یہ تہران کے لیے بین الاقوامی معاہدے سے علیحدہ ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔