صدر پیوٹن کا ٹرمپ سے ملاقات کی خواہش کا دوبارہ اظہار

99
صدر پیوٹن کا ٹرمپ سے ملاقات کی خواہش کا دوبارہ اظہار

ماسکو۔26جنوری (اے پی پی):روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ روس کے سرکاری ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہتر ہو گا کہ ہم ملیں اور دونوں کی دلچسپی کے تمام مسائل پر پرسکون بات چیت کریں۔

صدر ٹرمپ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے صدر پیوٹن نے کہا کہ موجودہ امریکی صدر کے ساتھ ہمیشہ سے ہمارا کاروبار جیسا، عملی اور اعتماد کا رشتہ رہا ہے۔

انہوں نے 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں ان سے اختلاف نہیں کر سکتا کہ اگر وہ صدر ہوتے اور 2020 میں ان سے فتح نہ چھینی جاتی تو 2022 میں یوکرین روس تنازع سے بچا جا سکتا تھا ۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے بھی صدر پیوٹن سے جلد سے جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھاکہ یوکرین میں جنگ کو جلد ختم کرنے کی ضرورت ہے۔