صدر پی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی زیر صدارت پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا اجلاس

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، ۔ اجلاس میں یونیورسٹیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایم ڈی کیٹ 2025 کے تمام ضروری انتظامات کا جائزہ لیں اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، ۔ اجلاس میں یونیورسٹیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایم ڈی کیٹ 2025 کے تمام ضروری انتظامات کا جائزہ لیں اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2025 کے منصفانہ، شفاف اور محفوظ انعقاد کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ امتحانی مراکز میں امیدواروں کے لئے مناسب نشستوں اور سہولیات کا بندوبست کیا جائے تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ امتحان دے سکیں۔ سکیورٹی اقدامات کو مضبوط بنانے کے لئے جیمبرز نصب کئے جائیں تاکہ غیر مجاز الیکٹرانک آلات کے استعمال کو روکا جا سکے۔ مزید برآں یونیورسٹیوں کو ہدایت کی گئی کہ امتحانی ہالز میں موسم کے مطابق بندوبست کیا جائے اور تمام امیدواروں کے لئے پینے کے پانی کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔

والدین اور سرپرستوں کے انتظار کے لئے مناسب جگہ بھی مہیا کی جائے۔یونیورسٹیاں امیدواروں کو کاربن کاپی کے ساتھ ببل شیٹس فراہم کریں گی اور سوالیہ پرچوں کی مکمل رازداری کو یقینی بنائیں گی۔ سوالیہ پرچے صرف گواہوں کی موجودگی میں کھولے جائیں گے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ امتحان کے اختتام پر تمام ببل شیٹس فوراً جمع کر کے محفوظ مقام پر رکھے جائیں۔ ایم ڈی کیٹ 2025 کے اصل امتحانی پرچے نتیجے کے اعلان کی تاریخ سے کم از کم 12 ماہ تک متعلقہ یونیورسٹیوں کے پاس محفوظ رہیں گے۔صدر پی ایم ڈی سی نے اس بات پر زور دیا کہ ایم ڈی کیٹ 2025 کے نتائج امتحان کے انعقاد کے ایک ہفتے کے اندر مرتب کر کے جاری کئے جائیں۔ نتائج کے اعلان کے 10 دن کے اندر ایک جامع بعد از امتحان تجزیاتی رپورٹ تیار کر کے جمع کرائی جائے۔ شفافیت کے پیشِ نظر امتحان ختم ہوتے ہی آفیشل آنسر کی (Answer Key) یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے۔ اس کے علاوہ، نتائج کے اعلان کے تین دن کے اندر امیدواروں کو اپنے نمبروں کی ری چیکنگ کی سہولت فراہم کی جائے۔

عملی عمل کے بہتر انتظام کے لئے داخلے کا عمل صوبائی حکام اور داخلہ دینے والی یونیورسٹیوں کی مکمل ذمہ داری کے تحت شروع کیا جائے گا۔ تمام داخلے 28 فروری 2026 تک مکمل کئے جائیں گے۔ پی ایم ڈی سی کا داخلوں کے عمل میں کوئی کردار نہیں ہوگا، یہ معاملہ مکمل طور پر صوبائی یونیورسٹیوں کا ہے۔تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ان تمام ہدایات پر مکمل طور پر عمل کریں اور ایم ڈی کیٹ 2025 سے متعلق تمام مراحل کو انتہائی دیانتداری، رازداری اور مؤثر طریقے سے مکمل کریں ۔ اجلاس میں رجسٹرار پی ایم ڈی سی، امتحانی شعبہ کے سربراہ اور امتحان لینے والی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔