اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے بہادر سپوت کیپٹن محمد سرور شہید (نشان ِحیدر )کو ان کے یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کیپٹن محمد سرور شہید کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے1948 میں کشمیر میں دفاعِ وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا۔
صدر مملکت نے قوم کے بہادر سپوت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن محمد سرورشہید نے دشمن کا بہادری اور جوانمردی سے مقابلہ کیا، شہید نے اپنے لہو اور بہادری سے قوم کو نئی زندگی بخشی۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قوم وفاعِ وطن کیلئے جان قربان کرنے والے شہدا کی احسان مند رہے گی۔ انہوں نے کیپٹن محمد سرور شہید اور دیگر تمام شہدا کے بلندی ِدرجات کیلئے دعا بھی کی۔