صدر ڈاکٹر عارف علوی کا ہائی سکول نمبر 1 گلگت میں بچوں کو ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ کا دورہ

291
عارف علوی

گلگت/اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہائی سکول نمبر 1 گلگت میں بچوں کو ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ کا دورہ کیا۔ صدر مملکت نے سکول کے طلبا و طالبات کو جدید ٹیکنالوجی جیسا کہ کمپیوٹر پروگرامنگ ، ویب ڈویلپمنٹ کی تربیت دینے کے اقدام کی تعریف کی ۔

بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق گلگت میں کیمپ کے دورے کے دوران صدر مملکت کو ٹیکنالوجی کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بتایا گیا۔ ابتدائی طور پر 30 سرکاری سکولوں کے 1500 طلبا و طالبات کو بنیادی ٹیکنالوجی میں تربیت دی جائے گی۔

اگلے مرحلے میں اس اہم پروگرام کو 130 سرکاری سکولوں تک وسعت دی جائے گی۔ صدر مملکت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارت حاصل کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کی ۔ انہوں نے گلگت میں ٹیکنالوجی بوٹ کیمپ کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا ۔