صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ہنزہ ششپر گلیشئر سے متاثرہ علاقے کا دورہ

ہنزہ۔15جون (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے متعلقہ حکام کو انسانی وقدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مستقبل میں جانی ومالی نقصان سے بچنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کوہنزہ ششپر گلیشیئر سے متاثرہ علاقے کے دورہ کے موقع پر کیا۔

صدر مملکت کو حسن آباد ایف ڈبلیو کیمپ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ایف ڈبلیو او کے اعلی حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی ۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں تیزی آئی ہے،متعلقہ حکام انسانی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں، تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو قدرتی آفات کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان سے بچانے کیلئے تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنا چاہئے،متعلقہ ادارے ایسے واقعات کی بروقت روک تھام اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ پل کی فوری تعمیر اور متاثرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، متاثرین ششپر گلیشیئر کے مطالبات حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

صدر مملکت کو ششپر گلیشیئر کے پگھلاؤ، ممکنہ خطرات، حسن آباد میں زیر تعمیر آر سی سی پل اور دیگر مواصلاتی انتظامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ صدر مملکت نے ہنگامی حالات میں عوام کو جانی و مالی طور تحفظ فراہم کرنے پر ایف ڈبلیو او، جی بی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔