اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کوئیکا) کے صدر چانگ وون سام نے پاکستان-کوریا پی وی ماڈیول ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کیا جو دونوں ممالک کے درمیان مستحکم شراکت داری کی علامت ہے۔چانگ وون سام پاکستان کا دورہ کرنے والے کوئیکا کے پہلے صدر ہیں۔ افتتاحی تقریب وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی حکومتِ پاکستان اورکوئیکا کے اشتراک سے جمعہ کو منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام …
صدر کوئیکا چانگ وون سام نے پاکستان-کوریا پی وی ماڈیول ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کوئیکا) کے صدر چانگ وون سام نے پاکستان-کوریا پی وی ماڈیول ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کیا جو دونوں ممالک کے درمیان مستحکم شراکت داری کی علامت ہے۔چانگ وون سام پاکستان کا دورہ کرنے والے کوئیکا کے پہلے صدر ہیں۔ افتتاحی تقریب وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی حکومتِ پاکستان اورکوئیکا کے اشتراک سے جمعہ کو منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوئکا کے صدر چانگ وون سام نے کہا کہ یہ منصوبہ اُن کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ وہ پہلے کوئیکا صدر ہیں جنہوں نے پاکستان کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں میں وہ پاکستان کی بے پناہ صلاحیتوں سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے سنگم پر واقع ایک اہم ملک ہے جہاں قدرتی وسائل کی فراوانی اور باصلاحیت نوجوان آبادی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پائیدار اور قابلِ اعتماد توانائی کا حصول روشن مستقبل کے لئے انتہائی ضروری ہے، پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں سورج زیادہ دیر تک رہتا ہے جس کی وجہ سے یہاں شمسی توانائی کے منصوبے زیادہ مفید ثابت ہو رہے ہیں، حکومت کے مضبوط عزم اور عوامی حمایت کے ساتھ پاکستان صاف اور سبز توانائی کی طرف تیزی سے بڑھ سکتا ہے۔چانگ وون سام نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے کوریا پاکستان کی شمسی توانائی کی صنعت کو عالمی معیار کے مطابق ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن کی صلاحیت دینے میں مدد دے رہا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے لئے پائیدار اور مضبوط توانائی مستقبل کے لئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے 1983 میں پاکستان اور کوریا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام اور 2010 میں اسلام آباد میں کوئیکا کے کنٹری آفس کے قیام کو دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوریا پاکستان کے لئے ترقیاتی تعاون میں ایک قابلِ اعتماد شراکت دار رہے گا۔کوئیکا کے پراجیکٹ منیجر ڈاکٹر جے سانگ پارک نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی کے لئے کوریا کی سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شمسی توانائی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور یہ لیبارٹری ملکی شمسی صنعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی کوریا کی کامیابی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی شاہد اقبال بلوچ نے کوریا کی شاندار ترقی کو عزم، محنت اور تعلیم کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوریا نے جنگ کی تباہ کاریوں کے بعد خود کو علم، وژن اور محنت کے ذریعے دوبارہ کھڑا کیا اور آج دنیا میں جدت، ٹیکنالوجی اور استقامت کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان-کوریا پی وی ٹیسٹنگ لیب صرف ایک تکنیکی کامیابی نہیں بلکہ دونوں ممالک کی دائمی دوستی کی گواہ بھی ہے، یہ منصوبہ پاکستان کی صنعتی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا، نوجوانوں کے لئے ہنر مند روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور ملکی قابلِ تجدید توانائی کے شعبے کو عالمی معیار کے مطابق بنائے گا۔
تقریب میں پرچم کشائی، یادگاری تختی کی نقاب کشائی اور ربن کاٹنے کی تقاریب بھی منعقد ہوئیں جن کے ذریعے پاکستان-کوریا پی وی ماڈیول ٹیسٹنگ لیبارٹری کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔یہ مشترکہ منصوبہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی اور کوئیکا کا اہم سنگِ میل ہے جو پاکستان میں صاف توانائی کے فروغ، صنعتی ترقی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔









