صدف شمس کی شانداراورکپتان فاطمہ ثناکی آل راونڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان ویمنز ٹیم کی جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 119رنز سے شکست

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):صدف شمس کی شاندار 97رنز کی اننگز اور کپتان فاطمہ ثنا کی آل راونڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 119رنز سے شکست دے دی۔ میچ کنگزمید کرکٹ گرانڈ میں کھیلا گیا جہاں پاکستان نے 306رنز کا کامیاب دفاع کیا۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو ابتدا میں گل فیروزہ کے …

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):صدف شمس کی شاندار 97رنز کی اننگز اور کپتان فاطمہ ثنا کی آل راونڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 119رنز سے شکست دے دی۔ میچ کنگزمید کرکٹ گرانڈ میں کھیلا گیا جہاں پاکستان نے 306رنز کا کامیاب دفاع کیا۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو ابتدا میں گل فیروزہ کے جلد آوٹ ہونے کا نقصان اٹھانا پڑا، تاہم صدف شمس اور سدرہ امین نے دوسری وکٹ کے لیے 130رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مستحکم کیا۔ صدف شمس 71 گیندوں پر 16چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 97رنز بنا کر اپنی پہلی ون ڈے سنچری سے صرف تین رنز کی دوری پر آوٹ ہوئیں۔ سدرہ امین نے 41رنز کی اننگز کھیلی۔

درمیانی اوورز میں چند وکٹیں گرنے کے بعد کپتان فاطمہ ثنا اور ناجیہ علوی نے چھٹی وکٹ کے لیے 65رنز جوڑے۔ ناجیہ 36رنز بنا کر آوٹ ہوئیں جبکہ فاطمہ ثنا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 41گیندوں پر ناقابل شکست 60رنز بنائے، جس میں تین چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 306رنز اسکور کیے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سنے، لوئس نے 42رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نونکولولیکو ملابا نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ ڈیبیو کرنے والی تسمیہ رباب نے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی، جبکہ فاطمہ ثنا نے مسلسل گیندوں پر لورا وولواردٹ اور سنے لوئس کو آوٹ کر کے میزبان ٹیم کو 7رنز پر تین وکٹوں کے نقصان سے دوچار کر دیا۔فائے ٹنکلف (47)اور انیری ڈرکسن (54)نے چوتھی وکٹ کے لیے 85رنز کی شراکت قائم کر کے مزاحمت کی کوشش کی، تاہم نشرا سندھو نے اہم وکٹ لے کر شراکت توڑ دی۔

اس کے بعد سِنالو جافتا نے 33رنز بنائے لیکن وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ امِ ہانی اور سعدیہ اقبال نے موثر بولنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 36.2اوورز میں 187رنز پر آوٹ کر دیا۔سعدیہ اقبال نے 41رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاطمہ ثنا اور امِ ہانی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس شاندار کارکردگی پر صدف شمس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ سیریز کا بہترین کھلاڑی جنوبی افریقہ کی سنے لوئس کو دیا گیا۔تین میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے پہلے دو میچز جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کی، تاہم پاکستان نے آخری میچ میں بڑی فتح سمیٹ کر سیریز کا اختتام جیت کے ساتھ کیا۔