صنعتوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی اولین ترجیح ہے،حکومت توانائی کی جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے، وفاقی وزیر ب عمر ایوب

راولپنڈی ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ مقامی صنعت کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،حکومت توانائی کی جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے،روات انڈسٹریل اسٹیٹ کو گرڈ سٹیشن کی فراہمی کا مسئلہ فوری حل کر لیا جائے گا، جہاں جہاں فیڈرز پر اوور لوڈنگ کی شکایات ہیں وہاں مرحلہ وار نئے فیڈرز لگائے جا رہے …

راولپنڈی ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ مقامی صنعت کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،حکومت توانائی کی جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے،روات انڈسٹریل اسٹیٹ کو گرڈ سٹیشن کی فراہمی کا مسئلہ فوری حل کر لیا جائے گا، جہاں جہاں فیڈرز پر اوور لوڈنگ کی شکایات ہیں وہاں مرحلہ وار نئے فیڈرز لگائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ملک شاہد سلیم کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ صنعتی ترقی کسی بھی ملک کی ترقی کا اہم ستون ہو تا ہے، بیمار صنعتوں کی بحالی پر بھی کام شروع ہے۔انہوں نے کہاکہ نجی شعبہ صنعتی ترقی کا پہیہ چلانے اور بے روزگاری کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔حکومت معشیت کی بہتری کے لیے جو اقدامات اٹھا رہی ہے ان کی نتائج جلد سامنے آئیں گے۔اس موقع پر صدر ملک شاہد سلیم نے وفاقی وزیر کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر ایک مختصر بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے کہا راولپنڈی چیمبر واحد چیمبر ہے جو اپنے بل بوتے پر انڈسٹریل اسٹیٹ چلا رہا ہے۔ جہاں گیارہ سو یونٹس میں سے تین سو کے قریب یونٹ کام کر رہے ہیں اگر بجلی کی فراہمی کا مسلہ حل ہو جائے تو سویونٹس جلد کام شروع کریں گے۔ بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔ بار بار ٹرپنگ سے صنعتکار کو نقصان کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو مراعات دے۔ خصوصی اقتصادی زونز میں مقامی صنعت کو ترجیح دی جائے۔وفد میں گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون ، نائب صدر فیاض قریشی، سابق صدور ایس ایم نسیم، نجم ریحان، زاہد لطیف خان اور چیمبر ممبران بھی شامل تھے۔