کوئٹہ۔ 14 نومبر (اے پی پی):صوبائی ایکشن پلان کے تحت ڈیرہ بگٹی میں 90 غیر حاضر اساتذہ کو معطل کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ ڈیرہ بگٹی کے چیئرمین کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی ایکشن پلان پر عمل کا آغاز کردیا گیا ہے ایجوکیشن سیکٹر میں غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کے مطابق ضلع ڈیرہ بگٹی میں 90 عادی غیر حاضر اساتذہ کو معطل کردیا گیا، اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ بگٹی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق غیر حاضر اساتذہ کے خلاف ضابطہ کی کارروائی مکمل کرکے برطرفی کا عمل شروع کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اپنے حلقہ انتخاب ڈیرہ بگٹی میں بھی کسی عادی غیر حاضر ٹیچر کی سفارش نہیں کروں گا، بلا امتیاز پورے صوبے میں عادی غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی ہوگی، گودار تا کوئٹہ، ژوب تا نصیر آباد ہر بند اسکول کھلے گا،
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہر بچہ سکول جائے گا ، ڈیوٹی پر نہ جانے والا استاد گھر بھیج دیں گے، تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔