صوبائی صدر اے این پی میاں افتخار حسین کاسینیٹر حاجی محمد عدیل مرحوم کی دسویں برسی پر خراج عقیدت

صوبائی صدر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) میاں افتخار حسین نے سینیٹر حاجی محمد عدیل مرحوم کی دسویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاجی محمد عدیل جہد مسلسل، سیاسی استقامت اور اصول پسندی کا استعارہ تھے

پشاور۔ 18 نومبر (اے پی پی):صوبائی صدر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) میاں افتخار حسین نے سینیٹر حاجی محمد عدیل مرحوم کی دسویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاجی محمد عدیل جہد مسلسل، سیاسی استقامت اور اصول پسندی کا استعارہ تھے، انہوں نے اپنی پوری زندگی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور مظلوم قومیتوں کے حقوق کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ پختونوں کو ان کی قومی شناخت دلوانے، چھوٹے صوبوں کے حقوق کے تحفظ، اٹھارویں آئینی ترمیم کی منظوری اور این ایف سی ایوارڈ کے اجراء میں پارٹی کی نمائندگی پر حاجی محمد عدیل کا کردار ناقابل فراموش ہے۔انہوں نے پارلیمان کے اندر اور باہر پختونخوا کے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے صوبائی خودمختاری اور وفاقی اکائیوں کے درمیان برابری کی جدوجہد کا بھرپور حق ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حاجی محمد عدیل مرتے دم تک اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے باچاخان کے سپاہی رہے، ان کی سیاست باچاخان کے فلسفہ عدم تشدد، جمہوریت اور مظلوم اقوام کے حقوق کی جدوجہد کا تسلسل تھی، حاجی محمد عدیل جیسے رہنما صرف اپنی جماعت نہیں بلکہ پوری قوم اور جمہوری جدوجہد کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ مظلوم قومیتوں کے حقوق، صوبائی خودمختاری اور حقیقی جمہوری وفاق کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حاجی محمد عدیل اپنی قومی خدمات، سیاسی بصیرت اور نظریاتی وابستگی کے باعث ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

مزید خبریں