کوئٹہ۔ 27 اگست (اے پی پی):صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ کی زیر صدارت این -70 کو این -55 سے ملانے والی اہم بین الصوبائی سڑک کے منصوبے پر اعلیٰ سطحی بریفنگ منعقد ہوئی۔ منصوبہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی مالی معاونت اور منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق جاری ہے، جس کی نگرانی پراجیکٹ ڈائریکٹر جناب فقیر محمد کر رہے ہیں۔اس منصوبے کو حکمتِ عملی کے تحت 9 حصوں (پیکیجز) میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں سے تین پیکیجز پلوں کی تعمیر کے لیے مختص ہیں۔ دوران اجلاس صوبائی محتسب کی طرف سے ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل کے لئے ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ بائی پاس کے قریب مسائل فوری حل کیے جائیں اور مزدوروں و مشینری کی مکمل سکیورٹی یقینی بنائی جائے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو۔
اب تک وفاقی حکومت کی جانب سے 49 فیصد اور صوبائی حکومت کی طرف سے 80 فیصد فنڈز جاری ہو چکے ہیں۔ سڑک کی بلیک ٹاپنگ اور دیگر تعمیراتی کام تسلی بخش انداز میں جاری ہیں، جبکہ کسی بڑے لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔بریفنگ کے دوران صوبائی محتسب کو یقین دہانی کرائی گئی کہ پروجیکٹ کی بروقت تکمیل پی سی ون کے مطابق یقینی بنائی جائیگی اور فنڈ کے اجراء کے لئے وفاقی حکومت سے بھی متعلقہ چینل کے ذریعے رابطے تیز کئے جائینگے۔ یہ منصوبہ 80 تا 230 کلومیٹر کے علاقے پر محیط ہے اور اس کی تکمیل نہ صرف صوبوں کے مابین رابطے کو بہتر بنائے گی بلکہ مقامی آبادی کے لیے روزگار، معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گی۔