صوبائی معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم سے جرمنی کے نائب سفیر ایمو کرچوف کی ملاقات

89

پشاور۔ 27 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ احساس ہنر پروگرام کا آغاز نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو جرمنی کے نائب سفیر ایمو کرچوف سے ملاقات کے دوران کیا ۔

اس موقع پر جی آئی ذی کوآرڈینیٹر رومینہ کوچئیس اور ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی منصور قیصر بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی کے ہمراہ وفد نے سنٹر اف ایکسیلنس گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر حیات آباد کا دورہ کیا۔

وفد کو سنٹر آف ایکسیلینس گورنمنٹ ٹیکنیکل سنٹر کے منیجمنٹ نے کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفد نے سنٹر کے ورکشاپ،لیبارٹری آف سی این سی، پی ایل سی، ہاسپیٹیلیٹی،بیوٹیشن ڈریس میکنگ اور فیشن ڈیزائننگ کا تفصیلی معائنہ کیا اور طلباء کی مہارتوں کو سراہا۔

معاون خصوصی نے وفد کے ساتھ کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو کی۔معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے وفد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ صوبائی حکومت نے احساس ہنر پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا ہے جس کے ذریعے فارغ التحصیل ہنر مند افراد کو بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے جس سے وہ اپنے لئے خود روزگار شروع کر سکیں گے۔

وفد نے صوبائی حکومت اور ٹیوٹا کی صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ فنی تعلیم کو مزید بہتر کیا جائے تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔