صوبائی وزیر برائے تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع چکوال، جہلم اور اٹک کے دورے کیے۔ دوروں کا مقصد مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی اور سکیورٹی اقدامات کا معائنہ کرنا تھا
صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کا راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع کا دورہ، محرم الحرام انتظامات کا جائزہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 24 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع چکوال، جہلم اور اٹک کے دورے کیے۔ دوروں کا مقصد مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی اور سکیورٹی اقدامات کا معائنہ کرنا تھا۔چکوال کے دورے کے دوران صوبائی وزیر نے ساتویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات، ڈی پی او کاشف ذوالفقار اور مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے جلوس کے سکیورٹی انتظامات، عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلعی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سرویلنس سسٹم اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا جبکہ ڈی پی او نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے پولیس فورس مکمل طور پر متحرک اور الرٹ ہے۔تحصیل پنڈدادنخان، ضلع جہلم کے دورے کے دوران صوبائی وزیر نے مختلف امام بارگاہوں کا معائنہ کیا اور لائسنس داران و انتظامیہ امام بارگاہوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈی پی او محمد شفیق اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے تحصیل کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور مانیٹرنگ و سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ پنجاب حکومت محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے پرعزم ہے اور عشرہ محرم کے دوران تمام انتظامی و سکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مکاتبِ فکر کے افراد کو اپنے مذہبی عقائد کے مطابق عبادات اور مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ حکومت عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اہل تشیع مسلک کے معززین اور لائسنس داران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔اٹک کے دورے کے دوران صوبائی وزیر نے فتح جنگ میں محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں انہیں بتایا گیا کہ یکم سے دس محرم الحرام تک ضلع اٹک میں 754 مجالس اور 145 جلوس منعقد ہوں گے۔ عزاداران کو صفائی، روشنی، پینے کے پانی اور دیگر میونسپل سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تمام ادارے باہمی تعاون سے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔








