صوبائی وزیر رانا محمد اقبال خان کا ماموں کانجن، فیصل آباد میں واٹر فلٹریشن کا افتتاح

صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے فیصل آباد کے علاقے ماموں کانجن کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن آر او پلانٹ کا افتتاح کیا

لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے فیصل آباد کے علاقے ماموں کانجن کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹریشن آر او پلانٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

صاف پانی انسانی صحت کے لیے بنیادی ضرورت ہے اور اس کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔رانا محمد اقبال خان نے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے میں نجی شعبے کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں نجی اداروں اور مخیر حضرات کا اشتراک قابلِ تحسین ہے۔ حکومت پنجاب عوامی خدمت کے جذبے سے کام کرنے والے مخیر اداروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ بھی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکے۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے بھر میں عوامی فلاح و بہبود، تعمیر و ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

موجودہ دور عوامی خدمت اور مثالی تعمیر و ترقی کا دور ہے،جس میں عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں،مزدوروں اور معاشرے کے دیگر طبقات کی خوشحالی و ترقی کے لیے پرعزم ہے۔عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی،معاشی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ملکی سیاسی و آئینی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ پاکستان میں کوئی آئینی بحران نہیں اور معاملات درست سمت میں گامزن ہیں۔ملک کی ترقی،استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے مثبت اقدامات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔