شیخوپورہ۔ 01 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت شیخوپوره کے نجی شادی ہال میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ کی سربراہی میں اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا گیا ۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ ممبر صوبائی اسمبلی رانا طاہر اقبال ، کمشنر لاہور زید بن مقصود ، ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور دولہا دلہن کے عزیز اقارب کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔
تقریب میں 47 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں ضلع شیخوپوره سے تعلق رکھنے والے 31 اور ننکانہ کے 16 نوبیاہتوں سمیت 4 مسیحی جوڑے شامل ہیں ۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین و دیگر صوبائی وزراء نے نوبیاہتے جوڑوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک تاریخی اقدام ہے ، اس پروگرام کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔