صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ کا اچانک دورہ، صفائی کی ناقص صورتحال پر اظہار برہمی

281

کوئٹہ۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال میں موجود طبی سہولیات اور مختلف وارڈز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیر صحت نے صفائی کی ناقص صورتحال پر گہری تشویش اور برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو فوری طور پر صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت اس حوالے سے ہسپتالوں میں درکار اصلاحات کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر صحت نے اس بات پر زور دیا کہ مریضوں کو بہتر علاج اور صفائی ستھرائی کے معیاری انتظامات فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ایک محفوظ اور سازگار ماحول میں صحت یاب ہو سکیں۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ہسپتال عملے کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی فلاح و بہبود اور سہولتوں کو بہتر بنانا اولین ذمہ داری ہے اور صفائی جیسے بنیادی امور میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔