صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ایس سی سی ایل او کا 24 واں اجلاس

102
Khawaja Salman Rafique
Khawaja Salman Rafique

لاہور۔5مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں ایس سی سی ایل او کا 24 واں اجلاس بدھ کو منعقد ہوا۔

صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری شافع حسین اور وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کابینہ کمیٹی کو صوبہ بھر کے امن و امان کی تازہ صورتحال بارے بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، رمضان المبارک اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میچ کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کابینہ کمیٹی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رمضان المبارک میں سحری و افطاری کے اوقات میں سخت حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اس کے ساتھ ساتھ کابینہ کمیٹی نے محکمہ جیل خانہ جات کے اسلحے کی خریداری کیلئے فنڈز کی بھی منظوری دی۔ صوبائی وزیر صحت و چیرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کابینہ کمیٹی نے صوبہ بھر میں امن و امان کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے اور محکمہ داخلہ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں سے مکمل کوارڈی نیشن میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام کیلئے ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقاد کا کریڈٹ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کو جاتا ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ سیریز کے پر امن انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر ہو رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فورسز کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، آئی جی جیل خانہ جات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ پنجاب بھر کے ڈویژنز سے تمام کمشنرز اور آر پی اوز نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے ریجنز میں امن و امان کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔