لاہور۔8جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدسے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں اورنج لائن میٹروٹرین کے وفد نے ملاقات کی۔وفدمیں ڈپٹی سی ای اواورنج لائن میٹرلائچن،جی ایم لائی جیانکوائن،پین سونگ اورنعمان اخترشامل تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ عمرفاروق ودیگرافسران بھی موجودتھے۔ڈپٹی سی ای او اورنج لائن میٹرولائچن نے صوبائی وزیرکا اورنج لائن میٹروکے 1400ملازمین کی ویکسینیشن کرنے پر شکریہ اداکیا۔اورنج لائن میٹروکے وفدنے وزیر صحت کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ چین ہمارادوست ملک ہے،چین نے کوروناوبا پر مربوط حکمت عملی کے تحت قابوپایا،پاکستان میں مختلف منصوبہ جات پر چائنیز ورک فورس کاخیرمقدم کرتے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزیدکہاکہ پنجاب میں ویکسینیشن اورسنٹرز کی تعدادکو دوگناکردیاگیاہے اور صوبہ بھر میں فرنٹ لائن ورکرزکو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین لگائی جارہی ہے،
این سی اوسی کی جانب سے ویکسین کا ہدف جلدپوراکرلیں گے۔صوبائی وزیر نے پاکستان میں ویکسین کی تیاری میں تیکنیکی معاونت پر چین کاشکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ کوروناوبا کے خلاف جنگ میں تمام ترتعاون پرپاکستانی عوام چین کی عوام کے شکرگزار ہیں۔
ڈپٹی سی ای اواورنج لائن میٹرولائچن نے کہاکہ اورنج لائن میٹروکے1400ملازمین کی ترجیحی بنیادوں پر ویکسینیشن پر وزیر صحت اور ان کی ٹیم کے مشکورہیں،لائچن نے پنجاب میں کورونا کی وبا پر قابوپانے کیلئے ڈاکٹریاسمین راشداور محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہا۔