صوبائی وزیر صحت نے کم ویکسی نیشن ہونے پر رپورٹ طلب کر لی،ہر ضلع میں لگائی گئی ویکسیئن کی تعدادفراہم کرنے کی ہدایت

44
صوبائی وزیر صحت نے کم ویکسی نیشن ہونے پر رپورٹ طلب کر لی،ہر ضلع میں لگائی گئی ویکسیئن کی تعدادفراہم کرنے کی ہدایت

لاہور۔25مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پیر کے روز کم ویکسی نیشن ہونے پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے ہر ضلع میں لگائی گئی ویکسیئن کی تعداد سے متعلق تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے یہ ہدایت کورونا وبا کی صورتحال، ویکسی نیشن کی رفتار اور ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،

ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،صحت کے محکموں کے سیکرٹریز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور اعلیٰ سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا کی وبا پر قابو پانے کیلئے درست اعداد وشمار کی دستیابی نہایت اہم ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ نئے قائم شدہ ویکسی نیشن سینٹرز میں آن لائن ڈیٹا انٹری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایکسپو ویکسی نیشن سینٹر میں 24گھنٹے تین شفٹو ں میں کام ہو رہا ہے، ڈیٹا کی بنیاد پر زیادہ رش والی شفٹ میں عملہ کی تعداد کو بڑھایا جائیگا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ کورونا وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرناہوگا۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں روزانہ ویکسی نیشن کی صلاحیت کو مرحلہ وار بڑھایا جارہا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایئر پورٹس پر ریپڈ ٹیسٹنگ میں کورونامثبت آنے پربیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ بھی کئے جائیں۔سیکرٹری پرائمری ہیلتھ اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔

سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے بتا یا کہ پیر کے روز ایک لاکھ پانچ ہزاردو سو چوبیس افراد کو ویکسیئن لگائی گئی۔انہوں نے کہا کہ ایکسپو سینٹر میں صبح کی شفٹ میں عملہ کی تعداد239، شام میں 224 اور رات میں 95 ہے۔