
لاہور۔28ستمبر(اے پی پی ) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا ءاللہ خان نے کہا ہے کہ یہ خدشات موجود ہیں کہ عمران خان تیس ستمبر کو ناکامی کی صورت میں شیخ رشید کے نسخے پر حالات خراب کر سکتے ہیں ، عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اگر ایسا کوئی اقدام کیا گیا تو قانون اپناراستہ بنائے گا،(ن) لیگ کے کارکنوں کو سختی سے کہاگیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے مارچ اور جلسے کے روٹ پر سیاسی سر گرمیاںنہیںکریںگے ،محرم الحرام میں تھریٹ الرٹس موجود ہیں جبکہ سرحد پرپائی جانے والی ٹینشن کے پیش نظر سکیورٹی کو مزید سخت کیا گیا ہے ، محرم الحرام میں فوج اور رینجرز کی 82کمپنیاں پولیس اور انتظامیہ کی مدد کےلئے موجود ہوں گی ، کسانوں کے معاملے پر سیاست کی جارہی ہے ،قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سندھ میں کسانوں کے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتی پر آواز بلند کریں ۔وہ بدھ کو پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید اور پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔رانا ثنا ءاللہ خان نے کہا کہ ایک شخص جو خود کو قومی لیڈر کہتااور کہلوانا چاہتا ہے وہ سیاسی مخالفین کے خلاف ایسی بد تمیزی اورآوارہ گفتگو کرتا ہے کہ شاید برصغیر کی تاریخ میںکبھی ایسا نہیں ہواہوگا ۔