صوبائی وزیر میرسلیم احمدخان کھوسہ کی دکی میں کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت

صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد خان کھوسہ نے ضلع دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت میں کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے بلوچستان میں ترقی تعمیرِ نو اور معاشی سرگرمیوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں

کوئٹہ۔ 26 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد خان کھوسہ نے ضلع دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت میں کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے بلوچستان میں ترقی تعمیرِ نو اور معاشی سرگرمیوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں ۔اپنے مذمتی بیان میں میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے (فتنہ الہندوستان) کی جانب سے نانا صاحب زیارت میں سڑک کی کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ کو نشانہ بنانا بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن عناصر کی ایک اور کارروائی ہے ،صوبے میں سڑکوں ،بنیادی ڈھانچے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے محنت کشوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی ،انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے سکیورٹی گارڈ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مغوی مزدوروں کی جلد اور بحفاظت بازیابی کیلئے ہرممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ شب دہشتگردوں نے کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پرحملہ کیا جہاں دکی-چمالنگ روڈ کی تعمیر میں مصروف مزدور رہائش پذیر تھے ،کیمپ پر تعینات پولیس اہلکاروں اور مقامی سکیورٹی گارڈز نے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اورفائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا.