صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کا مرکزی کنٹرول روم کا دورہ، امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا
صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کا مرکزی کنٹرول روم کا دورہ، امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا
پشاور۔ 25 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر بلدیات و اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے پشاور میں محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان، ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد داؤد سلیمی، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) ذیشان نجیب، انتظامی افسران، ڈی جی میٹروپولیٹن قادر نصیر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات اور مختلف اداروں کے باہمی رابطوں کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مینا خان آفریدی نے کہا کہ محرم الحرام انتہائی مقدس اور احترام والا مہینہ ہے، جس کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ قیامِ امن کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
مینا خان آفریدی نے واضح کیا کہ صوبے کے پرامن ماحول کو خراب کرنے یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، مذہبی رواداری کے فروغ اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ تمام شہری اپنی مذہبی رسومات پرسکون اور محفوظ ماحول میں ادا کر سکیں۔









