صوبہ بھر کے 1230 ای-ٹرانسفر آرڈرز کا اجراء کر دیا گیا ہے، فیصل خان ترکئی

137

پشاور۔ 28 ستمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے صوبہ بھر کے 1230 ای-ٹرانسفر آرڈرز کا اجراء کر دیا۔ ای-ٹرانسفر پالیسی کا 25 روزہ سائیکل مکمل ہونے پر ہفتہ کو محکمہ تعلیم کی جانب سے ای-ٹرانسفر پورٹل پر اپلائی کرنے والے اساتذہ کے الیکٹرانک ٹرانسفرز آرڈرز میرٹ پر خود کار نظام کے ذریعےجاری کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے کمیٹی روم میں تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی، سیکرٹری تعلیم مسعود احمد، سپیشل سیکرٹری قیصر عالم، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی نوشیر آفریدی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

وزیر تعلیم نے کمپیوٹرائزڈ انٹری کرتے ہوئے الیکٹرانک آرڈرز جاری کیے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کا کہنا تھا کہ ای-ٹرانسفر پالیسی کے نظام کے تحت اساتذہ کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑتی اور نہ ہی کسی سفارش کی، بلکہ خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر انکا ٹرانسفر ہو جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنی گھریلو مجبوریوں کے باعث ٹرانسفر کے خواہشمند اساتذہ کو میرٹ پر ان کے نزدیک ترین سٹیشن پر ٹرانسفر کیا گیا تاکہ اساتذہ اپنی تمام تر توجہ طلبہ کو دیں۔ وزیر تعلیم کی جانب سے کہا گیا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کا فیز ٹو ترجیحی بنیادوں پر اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں شروع کرنے کےلیے متعلقہ سیکشنز کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ فیز ٹو میں انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسفر کے ساتھ ساتھ ایس ایس ٹی اور دیگر کیڈرز کی جو پوسٹیں حالیہ پروموشنز کی وجہ سے خالی ہوئی ہیں ان کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم مسعود احمد کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت کیے جانے والے ٹرانسفرز حالیہ ریشنلائزیشن اور یونین کونسل بیس آرڈرز کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔ محکمہ تعلیم صوبہ بھر میں اساتذہ کی ریکروٹمنٹ کے پراسس کو بھی تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے تاکہ کوئی بھی سکول اور کلاس بغیر استاد کے نہ رہے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے ہر قسم کی مینول ٹرانسفر پوسٹنگ مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو بھی سخت ہدایات جاری کیں کہ تمام خالی پوسٹوں کا ڈیٹا ای ٹرانسفر کے لیے جاری کیا جائے اور اگر کسی ضلع میں کوئی خالی پوسٹ جان بوجھ مشتہر نہ کی گئی تو ان اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔