پشاور۔ 31 جنوری (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے صوبہ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت تمام صنعتوں کا معاشی ترقی و روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ہے، صوبہ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت تمام صنعتوں کو سہولیات فراہم کریں گے، ملکی ترقی کا دارومدار صنعتی ترقی پر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خیبرپختونخوا ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے ایک نمائندہ وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا. وفد کی قیادت سینئر ممبر محمد تیمور شاہ اور وائس چیئرمین سکندر کلی خان خٹک کر رہے تھے، وفد میں ، رائل ٹیکسٹائل، اور کے نمائندے شامل تھے.
اس موقع پر محمد تیمور شاہ نے گورنر کو ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گیس کی قیمتیں بڑھنے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری مشکلات سے دوچار ہے ،خیبر پختونخوا میں صنعتی شعبہ 35 اور ٹیکسٹائل کی صنعت صرف 10 ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال کر رہا ہے۔وفد نے گورنر سے صوبے میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بچانے کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔
گورنر نے وفد کے خدشات کو حقیقی قرار دیا اور نگران وزیر اعظم کے ساتھ جلد از جلد معاملہ اٹھانے کو یقینی دہانی کرائی ۔گورنرنے کہاکہ ٹیکسٹائل پاکستانی معیشت کی سب سے بڑی انڈسٹری ہے۔وفاق اور صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں سرمایہ کاروں، صنعتکاروں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ ملکی معاشی صورتحال میں تمام شعبوں سے وابستہ افراد کو مثبت کردار ادا کرنیکی ضرورت ہے۔