لاہور۔7فروری (اے پی پی):سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں گندم کی حالت تسلی بخش اورموجودہ موسمی حالات کے پیش ِ نظر کاشتکاروں کو بروقت راہنمائی کی فراہمی جاری ہے۔انہوں نے یہ بات صوبہ میں گندم کی موجودہ صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ گندم کی فصل کی نگہداشت ماہرین کی سفارشات کے مطابق کی جا رہی ہے ، رواں سیزن گزشتہ سالوں کی نسبت گندم کی جڑی بوٹیوں کا بروقت اور موثر تدارک کیا گیا،راولپنڈی ڈویژن کے چند علاقوں میں جزوی بارش کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
سیکرٹری زراعت نے واضح کیا کہ گندم کی بہتر نگہداشت کیلئے فیلڈ سرگرمیوں میں تیزی لانے بارے متعلقہ فارمیشنز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں،رواں سال گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے صوبائی اور ضلعی سطح پر انعامات دیئے جائیں گے۔اجلاس میں محکمہ زراعت پنجاب کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557345