صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ اقدام دہشتگردی کے ممکنہ خطرات اور امنِ عامہ کو لاحق خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت صوبہ بھر میں فوری طور پر ہر قسم کے اجتماعات، جلوسوں اور مظاہروں پر پابندی …

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ اقدام دہشتگردی کے ممکنہ خطرات اور امنِ عامہ کو لاحق خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت صوبہ بھر میں فوری طور پر ہر قسم کے اجتماعات، جلوسوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق حساس نوعیت کے اجتماعات دہشتگردی کا ہدف بن سکتے ہیں۔ رپورٹس میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ شرپسند عناصر کسی اجتماع میں شریک علما کرام کو نشانہ بنا کر فرقہ وارانہ فسادات اور بدامنی کو ہوا دے سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق فرقہ وارانہ کشیدگی اور امنِ عامہ میں ممکنہ خلل کے پیش نظر پیشگی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ دفعہ 144 کے تحت پنجاب بھر میں چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی اجتماع پر پابندی عائد ہوگی جبکہ عوامی مقامات پر بغیر اجازت کسی بھی قسم کا اجتماع منعقد نہیں کیا جا سکے گا۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار دورانِ ڈیوٹی ان پابندیوں سے مستثنی ہوں گے۔ اسی طرح شادی بیاہ، جنازوں اور تدفین سے متعلق اجتماعات پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ سرکاری و نیم سرکاری دفاتر کے اجلاس اور عدالتوں کی کارروائیاں بھی اس حکم سے مستثنی قرار دی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش اور عوامی مقامات پر اس کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ لائسنس یافتہ اور بغیر لائسنس ہر قسم کے اسلحہ پر یہ پابندی لاگو ہوگی۔ترجمان کے مطابق دفعہ 144 کے تحت عائد کردہ پابندیاں سات روز کے لیے نافذ العمل ہوں گی۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔