پی ٹی آئی بانی کی صحت پر سیاسی مفادات کے لیے من گھڑت بیانیہ بنایا جا رہا ہے، طلال چوہدری

پی ٹی آئی صحت کے معاملے پر سیاسی مفادات کے لیے من گھڑت بیانیہ بنا رہی ہے، طلال چوہدری

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائےداخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بانی کی صحت کے معاملے پر اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے من گھڑت بیانیہ بنا رہی ہےجبکہ زیر حراست رہنما کا طبی معائنہ بخوبی مکمل ہوا۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی کو فراہم کردہ طبی سہولیات اور علاج کسی دوسرے قیدی کو میسر نہیں آئے۔ جیل میں 24 گھنٹے ڈاکٹر موجود رہتا ہے جبکہ ان کا روزانہ تین مرتبہ معمول کا طبی معائنہ کیا جاتا ہے اور ضرورت پڑنے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ امن و امان کی صورتحال کےپیش نظر طبی معائنہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں کرانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ ہسپتال کا نام اور معائنے کا وقت پہلے ہی ظاہر کر دیا گیا تھاجس کے باعث بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کا خدشہ پیدا ہواجو طبی معائنے اور سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ دیگر مریضوں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بن سکتا تھا۔طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کی بنیادی ترجیح پی ٹی آئی بانی کی صحت اور طبی معائنہ تھاجو بخوبی مکمل ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے پورے معاملے کو سیاسی رنگ دیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کا عزم واضح ہے کہ ضرورت پڑنے پر تمام قیدیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔