کوئٹہ۔29مئی (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و سماجی بہبود محترمہ بشریٰ رند نے کہا ہے کہ صوبے کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا عمل خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
موجوہ صوبائی حکومت نے الیکشن کے پر امن طریقے سے انعقاد کے لیے ہرممکن اقدامات کیے اور مجموعی طور پر پر امن ماحول میں حکومت نے غیر جانبدارانہ اور صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا۔ الیکشن کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا خوش آئند ہے۔پارلیمانی سیکرٹری نے انتخابات کے فول پروف انتظامات پر پولنگ عملہ، ضلعی انتظامیہ،پولیس، لیویز اور دیگر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔