پانچ سال سے کم عمر کے 43 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم اتوار کو بھی جاری رہی

Polio campaign
Polio campaign

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):پانچ سال سے کم عمر کے 43 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے ملک بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم اتوار کو بھی جاری رہی۔وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق 339,521 سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز بچوں کو ان کی دہلیز پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی مہم کچھ علاقوں میں محدود تھی لیکن یہ مہم ملک کے تمام علاقوں میں شروع کی گئی ہے۔وزیر صحت قادر پٹیل نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی دونوں سطحوں پر اچھی طرح سے مربوط کوششوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے بار بار ویکسینیشن مہم کی کامیابی میں والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کایہ قومی فرض ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ہر مہم میں اپنے بچوں کے ساتھ ساتھ گرد و نواح کے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی پولیو وائرس بعض اضلاع کے ماحول میں موجود ہے جس سے کیسز کے دوبارہ سر اٹھانے کا خطرہ ہے۔ہم تمام والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں سے ویکسینیٹروں کے ساتھ تعاون کرنے کو کہہ رہے ہیں کیونکہ جب تک تمام بچوں کو ویکسین نہیں لگائی جاتی کوئی بچہ محفوظ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین محفوظ ہے، اور اس سے بچوں میں پولیو وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے کی مہم بچوں میں قوت مدافعت پیدا کرنے اور ممکنہ موت یا عمر بھر کے فالج کو روکنے کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ غیر ویکسین والے بچے خطرے میں ہیں اور ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ہر مہم کے دوران تمام اہل بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں تاکہ بیماریوں کے خلاف ان کی قوت مدافعت بڑھ سکے۔ پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف تک پہنچنے کے لیے ہمیں مزید چوکس رہنا ہے۔