ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 9.95 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 41.90 فیصد کا اضافہ

146
ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 9.95 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 41.90 فیصد کا اضافہ

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاکی قیمتوں میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ واربنیادوں پر9.95 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر41.90 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) بارے ہفتہ واررپورٹ کے مطابق 16 نومبرکوختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کے لیے قیمتوں کاحساس اشاریہ 308.35 پوائنٹ ریکارڈ کیا گیا جوپیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 9.95 فیصد اورگزشتہ سال کے اسی ہفتہ کے مقابلہ میں 9.95 فیصدزیادہ ہے۔

ہفتہ رفتہ میں روزمرہ استعمال کی 13 اشیاکی قیمتوں میں کمی اور13 کی قیمتوں میں استحکام رہا، اس کے برعکس 25 اشیاکی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران بجلی کی قیمتوں میں 16.06 فیصد، ٹماٹر11.16 فیصد، چینی 4.24 فیصد، ڈیزل 2.15 فیصد، پیاز1.49 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 1.39 فیصد، پٹرول 0.73 فیصد، 5 کلو کوکنگ آئل 0.65 فیصد، اری سکس نائن چاول 0.42 فیصد، ڈھائی کلو بناسپتی گھی 2.5 فیصد اورگڑ کی قیمت میں 0.27 فیصدکی کمی ہوئی۔

گیس کی قیمت میں 480 فیصد، لپٹن چائے 8.88 فیصد، چکن 3.99 فیصد، لہسن 3.09 فیصد، نمک پائوڈر2.93 فیصد، آٹا2.64 فیصد، تیار چائے 2.03 فیصد، ایل پی جی 2.03 فیصد، آلو2 فیصد اورشرٹنگ کی قیمت میں 1.10 فیصد کا اضافہ ہوا۔

سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کے لیےقیمتوں کے حساس اشاریہ میں 6.93 فیصدکااضافہ ہوا، 17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 29518 روپے سے لیکر44175 روپے اوراس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 10.32 فیصد، 12.80 فیصد، 10.50 فیصد اور8.07 فیصد کااضافہ ہوا۔

صارفین کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاکی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتاہے۔