راولپنڈی۔ 14 نومبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ اور آئیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔انسداد بجلی چوری اقدامات کے سلسلے میں ستمبر میں شروع کیا گیا ضلعی انتظامیہ اور آئیسکو کاآپریشن تا حال ضلع بھر میں تیزی سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ انسداد بجلی چوری آپریشن میں آئیسکو حکام کی جانب سے پولیس کو بجلی چوری میں ملوث211افراد کے خلاف درخواستیں دی گئیں جبکہ اب تک پولیس کی جانب سے146افراد کو بجلی چوری کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے اس طرح مجموعی طور پر رواں برس 231افراد کے خلاف درخواستیں دی گئیں جبکہ بجلی چوری کے الزام میں 167افراد کو گرفتار کیا گیا۔
تحصیل انفورسمنٹ کمیٹیوں کی جانب سے انسداد چوری اقدامات کے سلسلے میں راولپنڈی شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں میٹر چیکنگ کی گئی۔ ضلع بھر میں انسداد بجلی چوری اقدامات کے سلسلے میں گھریلو صارفین کے ساتھ کمرشل پلازوں ، ہوٹلوں ، ہسپتالوں اورتعلیمی اداروں میں میٹر کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔انتظامیہ کی جانب سے حسب ضرورت انسداد بجلی چوری ٹیموں کو مؤثر سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔