بٹگرام۔ 16 مارچ (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ بٹگرام کی جانب سے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بر قرار رکھنے کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی ہدایات پر ہیلتھ انسپیکٹر ڈاکٹر شاہد اقبال اور انسپیکٹر میر افضل نے محکمہ لائیو سٹاک ڈاکٹرز کے ہمراہ بٹگرام بازار میں مختلف دکانوں میں اشیاء خوردو نوش کے سرکاری جاری کردہ نرخنامہ پر عمل درآمد اور دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے دورہ کیا۔
دورے کے دوران نانبائیوں، ہوٹلوں، بیکریوں، کباب فروشوں، سبزی اور فروٹ شاپس کی چیکنگ کی۔ کباب فروشوں کی ہوٹلوں میں ناقص صفائی ستھرائی پر ایکشن لیتے ہوئے ان کے خلاف متعلقہ پولیس سٹیشن کو مراسلے بھیج دیئے گئے۔ اس کے علاوہ ریٹ لسٹ وغیرہ کی خلاف ورزی پر کئی دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کئے۔