لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ دوران انسپکشن 60779 ہاٹ سپاٹس کو چیک کیا گیا ہے , ڈینگی سروئلنس ٹیموں نے 5،79436 کنٹینرز کو چیک کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نشتر محمد سلیم نے یو سی 137 فرید کالونی میں ڈینگی ٹیموں کی اچانک چیکنگ کی اور 3 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر فوری تلف کیا اور ڈینگی سپرے کروایا گیا ۔
اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زینب طاہر نے یو سی 146 اور 148 میں ڈینگی ٹیموں کی چیکنگ کی۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے ڈینگی ٹیموں کے مائیکروپلان کے مطابق کام کرنے کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی رائے بابر نے یو سی 72 مزنگ میں ڈینگی ٹیموں کی چیکنگ کی اور 02 گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر ،موقع پر تلف کیا گیا ہے اور ڈینگی سپرے کروایا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے ٹیموں کو کمرشل بلڈنگز میں ڈینگی سپرے کا ٹاسک سونپ دیا۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہر بھر میں ڈینگی کی صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے اور ڈینگی مہم میں فرضی کارروائیاں کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی ٹیمیں ان ڈور اور آوٹ ڈور لاروا تلفی کو یقینی بنا رہی ہیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ڈینگی وائرس کی روک تھام اور تدارک کے لئے عوام الناس کو آگاہی کی مہم بھی جاری ہے اور شہری بھی ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ لاہور کا ساتھ دیں۔ سید موسی رضا نے کہا کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔