ضلعی انتظامیہ پشاورکا مختلف علاقوں میں گراں فروشوں کےخلاف کریک ڈائون

پشاور۔ 23 جنوری (اے پی پی):صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 108دکانداروں گرفتارکرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کے مطابق شہرمیں ضلعی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ تین روز کے دوران گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی،کم وزن روٹی اورصفائی کی ناقص صورتحال پر108 دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران نے جی ٹی روڈ، دلہ زاک روڈ، چارسدہ روڈ،نشترآباد،حیات آباد، کوہاٹ روڈ، یونیورسٹی روڈ، تہکال، اندرون شہر بازاروں،ورسک روڈ، گلبہار، اور دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔کارروائیوں کے دوران233دکانوں کا معائنہ کیا گیااورگرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی، کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پر108 دکانداروں کو گرفتار کر لیاجبکہ 45 دکانداروں کو مزید بہتری کے حوالے سے وارننگ دی گئی۔

ان گرفتار دکانداروں میں سبزی و پھل فروش، نانبائی، شیر فروش، جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاورآفاق وزیرنے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں بازاروں کا مسلسل معائنہ کرنے کا حکم دیا ہے اور گرانفروشی پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔