فیصل آباد۔ 06 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد میں میرج ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر ایکشن کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ شب ون ڈش اور وقت کی پابندی کی خلاف ورزی پر شادی ہالز میں کیٹرنگ سروس فراہم کرنے والے 4کیٹررز کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے جبکہ شادی ہالز انتظامیہ کو 5 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز نے مجموعی طور پر 45 شادی ہالز کی انسپکشن کی اور13 میرج ہالز میں خلاف ورزیاں پائی گئیں۔تحصیل سٹی میں 5 خلاف ورزیوں پر 2 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ،صدر میں 4 خلاف ورزی پر 2 لاکھ روپے جرمانہ اور2افراد کے خلاف مقدمہ درج،سمندری میں 3 خلاف ورزیوں پر 2، افراد مقدمہ کی زد میں اور 50 ہزار روپے جرمانہ جبکہ تاندلیانوالہ میں بھی ایک میرج ہال کو 50 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ ضلع میں میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز ایکشن کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنرزکو شادی ہالز کی چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔میرج ہالز انتظامیہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے تقریبات رات 10 بجے ہر صورت ختم کردیں جبکہ ون ڈش کی پابندی پر بھی عملدرآمد میں زیروٹالرنس ہے۔
دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ ڈاکٹر رانا محمد اورنگزیب نے محکمہ زراعت توسیع کی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مارکر جعلی کھاد ضبط اورڈیلر کو موقع سے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرادیا۔انہوں نے اطلاع ملنے پر گڑھ فتح شاہ میں کھاد ڈیلر بابا فرید کی دکان کو چیک کیا جہاں 120 جعلی کھاد کی بوریاں پائی گئیں جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ جبکہ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عامر الیاس چٹھہ نے سبزی منڈی سدھارکا دورہ کرکے سبزیوں و پھلوں کی بولیوں کے عمل اور تھوک قیمتوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مختلف شیڈز و سٹالز پر نیلامیوں کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے سبزیوں و پھلوں کی مقدار کو چیک کیا۔انہوں نے بولیوں کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی پھل یا سبزی کی بے جا اور بلاجواز قیمت بڑھانے کی کوشش نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بے جامہنگائی کے رجحان سے بچانے کے لئے سبزی منڈیوں میں بولیو ں کی نگرانی کی جارہی ہے اور کسی آڑھتی کو بلا جواز تھوک قیمت بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وہ کسان پلیٹ فارم پر بھی گئے اور وہاں پرائس لسٹ کی موجودگی و دیگر سہولیات کو چیک کیا۔سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی نے پھلوں وسبزیوں کی سپلائی کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔انہوں نے کہا کہ گودامز کو مسلسل چیک اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔