لاہور۔31اگست (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ لاہورکی ٹیموں نے انسدادڈینگی مہم کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 80 مقدمات درج کر لئے۔ ترجمان کے مطابق شہر میں ہونے والی بارشوں کے بعد ضلعی انتظامیہ لاہور کی انسداد ڈینگی کارروائیاں جاری ہیں
،گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1939 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد کر کے تلف کیا گیا جبکہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 80 مقدمات کا اندراج کیا گیا -ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ دوران انسپکشن 53830 ہاٹ سپاٹس کو چیک کیا گیا ہے اور ڈینگی سروئلنس ٹیموں نے 21525 کنٹینرز کو چیک کیا – ڈی سی نے کہا کہ شہر بھر میں ڈینگی کی صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے.
انہوں نے کہا کہ ڈینگی مہم میں فرضی کارروائیاں کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ سید موسی رضا نے کہا کہ ڈینگی ٹیمیں ان ڈور اور آوٹ ڈور لاروا تلفی کو یقینی بنا رہی ہیں انہوںنے کہا کہ ڈینگی وائرس کی روک تھام اور تدارک کے لئے عوام الناس کو آگاہی کی مہم بھی جاری ہے.
۔شہری بھی ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ لاہور کا ساتھ دیں اور شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔