لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کوگرفتار کر لیا۔ترجمان کےمطابق وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ گراں فروشوں اور کرپٹ عناصر کے خلاف متحرک ہے ۔
ضلعی انتظامیہ راوی زون نے شاد باغ کے علاقے میں کارروائی کے دوران تین جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ گرفتار کیے ہیں ۔ترجمان کےمطابق جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھماں روڈ پر دکانداروں کو جرمانہ کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جبکہ عارف، اسحاق اور عاطف کی دکانداروں نے نشاندہی کی ۔ اسسٹنٹ کمشنر راوی زون طارق شبیر موقع پر پہنچے اور جانچ پڑتال کے بعد جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پولیس کے حوالےکر دیا۔
پولیس نے جعلی مجسٹریٹس پر دفعہ 419 کے تحت ایف آئی آر درج کرتے ہوئے حوالات منتقل کر دیا ہے ۔ ڈی سی لاہور سید موسی وضا نے کہا کہ دکانداروں کی اطلاع پر کیے جانے والے آپریشن میں جعلی مجسٹریٹس کی گرفتاری ممکن ہوئی، ہر قسم کے مافیا اور کرپٹ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں۔