حیدرآباد۔ 30 جنوری (اے پی پی):ضلع الیکشن کمشنر شہید بینظیرآباد محمد یوسف مجیدانو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد یوسف مجیدانو نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر اسکولوں میں انتخابی سامان تیار کرنے کے حوالے سے ایگزیبیشن منعقد کیا جارہا ہے جس سے طلباء و طالبات کو انتخابی عمل کے دوران استعمال ہونے والے سامان کے متعلق معلومات فراہم ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہر وہ شہری جس کی عمر 18 سال ہوگئی ہے اس پر فرض ہے کہ وہ اپنا قومی شناختی کارڈ بنوا کر اپنے ووٹ کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں تاکہ انتخابات کے دوران اپنے ووٹ کا حق ادا کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے علاقوں کو ترقی تب ہی دلاواسکتے ہیں جب ہم اپنے علائقے کے لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ووٹ کا اندراج کرائیں گے اور ان کو ووٹ کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کا اندراج اور استعمال تمام طبقات بشمول خواتین، مرد، معذور افراد،اقلیتوں اور خواجہ سراؤں کے لئے ضروری ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر ملک بھر میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور ووٹ کی رجسٹریشن اور اہمیت کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
انہوں نے ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران پر زور دیا کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے توسط سے اپنے علاقوں میں ووٹ کی اہمیت و رجسٹریشن کے متعلق آگاہی فراہم کریں اجلاس میں ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران نے ووٹ کی اہمیت و رجسٹریشن کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے ضلع الیکشن کمشنر کو یقینی دہانی کرائی اجلاس میں ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔