ضلع بھر میں سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز

86
ضلع بھر میں سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز

سرگودھا۔ 21 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلع بھر میں سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا نے بریفنگ میں بتایا کہ سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت ضلع بھر میں گھروں کو شمار کیا جائے گا۔ اس اہم امور کی انجام دہی کے لیے 75 دنوں کے لیے انٹرنیز بھی رکھے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پراجیکٹ میں ہر گھرانے کا معاشی سٹیٹس بھی درج کیا جائے گا، سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت دیہات میں مویشیوں کو بھی شمار کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 199 رجسٹریشن سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں۔

منصوبے میں رجسٹریشن کرانے والے افراد ہی سوشل پروٹیکشن پراجیکٹ کے حقدار ہوں گے، رجسٹرڈ شہری ای بائیک، روشن گھرانہ سولر پروگرام، ہمت کارڈ، کسان کارڈ سمیت دیگر سوشل پروٹیکشن پروگرامز میں اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رجسٹرڈ شہری ہیلتھ کارڈ، لائیو سٹاک کارڈ اور سکالرشپ پروگرام میں بھی اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے۔

عوام گھر سے بیٹھ کر پورٹل پر بھی خود کو رجسٹرڈ کراسکتے ہیں اور ہیلپ لائن 02345-0800 پر رجوع کر سکتے ہیں اور آن لائن ویب پورٹل www.pser.punjab.gov.pk پر بھی اپنے کوائف کا اندراج کیا جا سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ مستند ڈیٹا ہونے سے حق اصل حقدار کو ہی ملے گا، عوام کیلئے سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ میں رجسٹریشن کو آسان بنایا ہے، اس پراجیکٹ سے حکومت کو لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن سینٹرز پر آنے والے شہریوں کو آسانی فراہم کی جائے۔ اجلاس میں اے ڈی سی ایف اینڈ پی محمد ارشد وٹو اور سی او ایم سی زویا بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران اور اسسٹنٹ کمشنروں نے ویڈیو لنک نے شرکت کی۔