ضلع بھر میں قتل ،چوری،زیادتی ،منشیات فروشی،شراب سپلائی، غیر قانونی اسلحہ ودیگر جرائم میں ملوث پولیس اہلکاروں سمیت 25ملزمان گرفتار

150

راولپنڈی۔19جولائی (اے پی پی):سٹی پولیس افسر سید خالد ہمدانی کی سربراہی میں راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے قتل ،چوری،زیادتی ،منشیات فروشی،شراب سپلائی، غیرقانونی اسلحہ و دیگر جرائم میں ملوث پولیس اہلکاروں سمیت 25ملزمان گرفتارکر لئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کار و موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتارکر لیا،گرفتار ملزمان میں رفیق اور فیاض شامل ہیں،ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کے چوری شدہ کیری ڈبہ اور 3 موٹر سائیکل برآمدہوئے۔کہوٹہ پولیس کومتاثرہ لڑکے کے والد نے درخواست دی کہ ملزم ذیشان نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اس کے بیٹے کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیو بنائی،کہوٹہ پولیس نے متاثرہ لڑکے کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزم ذیشان کو گرفتار کر لیا۔

رتہ امرال پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آہنی راڈ اور ہتھوڑے کے وار سے شہری کو قتل کرنے والے 3 ملزمان کوگرفتارکر لیا،گرفتار ملزمان میں عادل، خالد اور شہزاد شامل ہیں، ملزمان نے لڑائی جھگڑے کے دوران راڈ اور ہتھوڑے کے وار کرکے شہری ہمایوں الیاس کو قتل کر دیا تھا۔

گوجرخان کے علاقہ میں شہری ذیشان کے جاں بحق ہونے کے معاملہ کی انکوائری میں پیشرفت سامنے آئی اورابتدائی انکوائری میں تھانہ سول لائن اور تھانہ گوجرخان پولیس چوکی قاضیاں کے 8 اہلکار اختیارات کے ناجائز استعمال اور غفلت کے مرتکب قرار دے دیئے گئے،مجرمانہ غفلت میں ملوث آٹھوں پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرگرفتار کیا۔

روات کے علاقہ میں تین مویشیوں کی ہلاکت کے معاملہ پر فوری ریسپانڈ کرتے ہوئے ملزم خالد کو گرفتار کر لیا،ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کی تیز رفتاری اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کی وجہ سے حادثہ پیش آیا جس سے ایک گائے ہلاک ہوئی،ملزم نے فائرنگ کرکے مزید دو گائے ہلاک کر ڈالیں، واقعہ کا مقدمہ مویشیوں کے مالک کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

پیرودھائی پولیس نے ملزم عدیل سے 01 کلو 660گرام چرس،ملزم عثمان سے520گرام چرس،ملزم بلال خان سے 10 لیٹر شراب،وارث خان پولیس نے ملزم سجاد سے 05 لیٹر شراب برآمد کر لی۔صدرواہ پولیس نے ملزم ارسلان سے 01 پستول 30 بور معہ ایمونیشن، ملزم زبیر سے 01 پستول 30 بور معہ ایمونیشن، نصیرآباد پولیس نے ملزم زین سے 01 پستول 09 ایم ایم معہ ایمونیشن، صادق آباد پولیس نے ملزم عاصم سے 01 پستول 30 بور معہ ایمونیشن، مندرہ پولیس نے ملزم ارشاد سے 01 پستول 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کر کے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے۔